لکھنؤ4نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) یوپی کے سینئر کابینہ وزیر لکشمی نارائن چودھری نے اتوار کو کہا کہ بھارت کی شناخت رام سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں د یپ اتسو منعقد کئے جانے کے پیچھے مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ رام کی زندگی سے سبق لینا چاہئے جنہوں نے ہندوستان کوخود مفروضہ ’وشو گرو‘بنایا ہے ۔ چودھری نے کہا کہ رام ایک ایسی شخصیت ہیں جن ایک بیٹا یا ایک ’یودھا‘کے طور پر کسی سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ایودھیا میں دیپ اتسوکے ذریعے دنیا کو یہ بتانے کی کوشش کی جائے گی کہ یہ رام ہی ہیں جن کی وجہ سے بھارت ’وشو گرو’ بنا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مغل دور حکومت اور انگریزوں کے راج میں اور اس کے بعد آزادی کے کئی دہائیوں بعد تک ایودھیا نگری کی فلاح و بہبود پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ یوپی میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت بننے کے بعد ہی ایودھیا کی عظمت رفتہ اور خوبصورتی پر توجہ دی گئی ہے ۔ گزشتہ 100 سالوں کے دوران ایودھیا کے لئے کوئی کام نہیں کیا گیا اور اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا گیا۔ ایودھیا میں آئندہ چھ نومبر کو منعقد ہونے والے دیپ اتسو پروگرام کے بارے میں تفصیل سے بتاتے ہوئے چودھری نے کہا کہ اس سال دیپ اتسو کے تحت سریو دریا کے کناروں پر قریب تین لاکھ دیے جلائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ لیزر شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ لاؤس، انڈونیشیا اور تری نداد سے آئی رام لیلا حلقوں کی طرف سے اسٹیج شو بھی کیا جائے گا اور ساتھ ہی رام کی پیدائش سے لے کر ان کے شادی تک کی زندگی کا مظاہر ہ بھی پیش کیا جائے گا ۔ آرٹسٹ سدرشن پٹنائک رام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مبنی پینٹنگ پیش کریں گے ۔